پوسٹ مارٹم کے وقت مردہ زندہ ہوگیا، عملہ خوف زدہ ہوکر بھاگ کھڑا ہوا

Jan 21, 2025 | 07:02 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ریاست کیرالہ کے ہسپتال میں پیش آنے والے ایک ناقابل یقین واقعے نے لوگوں کے دل دہلا کر رکھ دیئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ کیرالہ کے ایک ضلعی ہسپتال میں پھپیھڑوں کے مرض میں مبتلا بزرگ شخص کو لایا گیا تھا جسے ڈاکٹر نے مردہ قرار دیدیا تھا۔
ہسپتال میں مردہ حالت میں لائے جانے کے باعث لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا گیا تاکہ موت کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
تاہم جیسے ہی پوسٹ مارٹم کے لئے ڈاکٹر نے لاش کا معائنہ کیا تو اس کا دل دھڑک رہا تھا اور مریض کے ہاتھوں میں جنبش بھی ہوئی۔
مردہ قرار دیئے گئے شخص کے یوں زندہ ہوجانے پر ہسپتال میں موجود عملہ خوف زدہ ہوگیا اور بھاگ کھڑا ہوا ۔بعد ازاں مریض کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کردیا گیا۔
اہل خانہ نے اپنے مریض کے زندہ ہوجانے پر خوشی کا اظہار کیا اور ا±س ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جس نے ان کے پیارے کو مردہ قرار دیا تھا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جب کسی مردہ قرار دیئے گئے شخص نے سانس لینا شروع کردیا تھا۔
اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جن سے بھارت کے صحت کے نظام پر سوال ا±ٹھنا شروع ہوگئے۔

مزیدخبریں