چاقو حملے میں زخمی اداکار سیف علی خان ہسپتال سے ڈسچارج

Jan 21, 2025 | 08:02 PM

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ اداکار سیف علی خان گزشتہ ہفتے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران چاقو حملے میں زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں علاج کے لئے لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ وی نیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ سیف علی خان کو لیلاوتی ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے، جس کے بعد وہ سخت سکیورٹی کے حصار میں گھر پہنچ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد سیف علی خان سفید شرٹ اور جینز پہنے خود چل کر اپنے اپارٹمنٹ پہنچے ہیں جبکہ ان کے بائیں ہاتھ پر پٹی بھی باندھی ہوئی نظر آرہی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ایک بنگلہ دیشی شہری شریف الاسلام شہزاد کو گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوا تھا اور جھوٹے نام بیجوئے داس سے رہ رہا تھا، ملزم نے پہلے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے گھر پر ڈکیتی کی کوشش کی، ناکامی پر سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کا پروگرام بنایا۔
واضح رہے کہ گرفتار ملزم کو گزشتہ روز ممبئی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے مو کل کے پاس سے کچھ برآمد نہیں ہوا، انہیں اس کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔
ملزم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ملزم کے خلاف الزامات جھوٹے ہیں اور یہ معاملہ اس لئے توجہ کا مرکز ہے کیونکہ ایک سیلیبریٹی اس میں ہدف بنے ہیں۔وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مو کل کو اس ہائی پروفائل کیس میں قربانی کا بکرا بنا کر پھنسایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں