اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات نے ملک میں ناکافی بارشوں کے باعث خشک سالی کا اندیشہ ظاہر کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں خاطر خواہ بارشیں ریکارڈ نہیں کی گئیں، معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کی صورتحال مزید بڑھ گئی۔
جیو نیوز کے مطابق یکم ستمبر سے 15 جنوری 2024 کے درمیان معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔دستاویز کے مطابق سندھ میں 52، بلوچستان میں 45 اور پنجاب میں 42 فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں جبکہ پوٹھوہار میں ہلکی خشک سالی کی صورتحال دیکھی گئی۔
دستاویز کے مطابق بارانی علاقوں سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ناکافی بارشوں کے باعث خشک سالی کا اندیشہ ہے۔
دستاویز کے مطابق اٹک، چکوال، راولپنڈی، اسلام آباد، بھکر، لیہ، ملتان میں بھی بارشیں معمول سے کم ہوئیں جبکہ راجن پور، بہاولنگر، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا میں بھی خشک سالی دیکھی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مزید بارشوں کے امکان نہ ہونے پر خشک سالی کے حالات مزید بڑھنے کا امکان ہے۔