پوری دنیا کے لوگوں کی افسردگی اور شیمپین کی فروخت میں کیا تعلق ہے؟

Jan 21, 2025 | 10:22 PM

نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر میں لوگ خوشی منانے کے موڈ میں نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ  شیمپین کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ فرانس سے شیمپین کی کل شپمنٹ گزشتہ سال تقریباً 10 فیصد کم ہو کر 271 ملین بوتلوں تک رہ گئی۔ مہنگائی سے پریشان صارفین نے اخراجات میں کٹوتی کی ہے اور عالمی سطح پر ایک عمومی افسردگی کا ماحول چھایا ہوا ہے۔

سی این این کے مطابق کمیٹی شیمپین جو 16 ہزار  شراب کے تاجروں  اور 320 شیمپین ہاؤسز کی نمائندگی کرتی ہے، نے اپنی رپورٹ میں اس کمی کی نشاندہی کی۔ تنظیم کے شریک صدر میکسیم ٹوبارٹ نے کہا کہ "یہ خوشی منانے کا وقت نہیں ہے، کیونکہ مہنگائی، عالمی تنازعات، اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور کچھ بڑی مارکیٹس جیسے امریکہ اور فرانس میں سیاسی بے یقینی کا ماحول ہے۔"

فرانس میں بھی  شیمپین کی فروخت سات فیصد کم ہو کر 118 ملین بوتلوں تک رہ گئی، کیونکہ یہاں کے سیاسی اور اقتصادی حالات نے مقامی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے۔ گزشتہ سال گرمیوں میں فرانس میں ہونے والے فوری انتخابات کے نتیجے میں پارلیمنٹ معطل ہو گئی تھی، جس سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی۔

فرانسیسی لگژری کمپنی ایل وی ایم ایچ   جو دنیا کی سب سے بڑی شیمپین پروڈیوسر ہے، نے 2024 کے آغاز میں ہی شیمپین کی فروخت میں 15 فیصد کمی کی پیش گوئی کی تھی۔  ایل وی ایم ایچ کے چیف فنانشل آفیسر جین جیکس گیونی نے کہا "شیمپین خوشی اور تقریبات سے جڑی ہوئی ہے، لیکن موجودہ عالمی حالات، بشمول جیوپولیٹیکل اور معاشی مسائل، لوگوں کو خوشی منانے کی ترغیب نہیں دیتے۔"

مزیدخبریں