واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں ایک خاتون کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس کے پاس سے ایک بیگ برآمد ہوا جس پر لکھا تھا "یہ یقینی طور پر منشیات سے بھرا بیگ نہیں ہے"۔
ڈیلی سٹار کے مطابق 31 سالہ ٹیئرن اکری جو فلوریڈا سے تعلق رکھتی ہیں، کو نشہ آور اشیاء رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اکری کے بیگ سے میتھ ایمفیٹامین اور منشیات کا سامان بشمول سوئیاں، ڈیجیٹل سکیلز اور دیگر اشیاء، برآمد ہوئیں۔ اکری کو بریوارڈ کاؤنٹی میں ایک ٹریفک چیک کے دوران روکا گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران، پولیس کو منشیات اور متعلقہ اشیاء ملیں جس کے بعد اکری کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان پر میتھ رکھنے اور فروخت کے ارادے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا جو کہ ایک سنگین جرم ہے۔ اکری کو بغیر ضمانت کے جیل بھیج دیا گیا ہے، اور ان کا کیس 13 فروری کو عدالت میں پیش ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اکری پہلے ہی جنوری میں ایک اور کیس کے سلسلے میں ساڑھے 15 ہزار ڈالر کی ضمانت پر رہا تھیں۔ تب بھی ان کے پاس سے میتھ کے کئی پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔
اسی طرح کا واقعہ گزشتہ اکتوبر میں اوریگن میں پیش آیا، جہاں پولیس نے ایک چوری شدہ گاڑی سے ایک ایسا ہی بیگ برآمد کیا جس پر لکھا تھا: "یہ یقینی طور پر منشیات سے بھرا بیگ نہیں ہے"۔ گاڑی سے منشیات، نقدی، اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، اور دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔