وزیر تجارت جام کمال سے چینی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے چین کے سفیرِ جیانگ ژائی ڈونگ نے ملاقات کی۔ ملاقات پاکستان چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی جانب سے اقتصادی روابط کے استحکام اور توسیع کو سٹریٹجک ترجیح قرار دیا گیا۔وفاقی وزیر تجارت کی قیادت میں پاکستانی وفد میں سیکرٹری تجارت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
’’اے پی پی ‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے چینی سفیر کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کے برآمدات بڑھانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدات کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، جس میں حکومت سے حکومت (G2G) تعاون کے ساتھ ساتھ کاروبار سے کاروبار (B2B) روابط کو بھی بروئے کار لاتے ہوئے تجارت میں تیزی اور دونوں ’’ہمہ موسم دوست‘‘ ممالک کی اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ملاقات میں زرعی مصنوعات کے شعبے میں دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے ٹھوس مواقع کی نشاندہی اور ان کی تلاش پر جامع گفتگو ہوئی۔
فریقین نے موجودہ تجارتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور توسیع کے ممکنہ راستوں پر تبادلۂ خیال کیا۔چینی سفیر نے مضبوط زرعی تجارت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے چین کے موجودہ درآمدی ضابطہ جاتی فریم ورک (امپورٹ ریگولیٹری فریم ورک) کا بھی جائزہ پیش کیا۔ دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی رابطہ اور مکالمہ مسلسل جاری رکھا جائے گا۔
