’’پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور‘‘ ۔۔۔گوجرانوالہ پہلے، لاہور دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ’’پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور‘‘ کی استعداد میں اضافے کیلئے اہم سنگ میل عبور،3 لاکھ سے زائد شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی۔گوجرانوالہ پہلے، لاہور دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر آ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ ’’پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور‘‘ کی استعداد میں اضافے کیلئے مصروف عمل ہے۔ اس ضمن میں اب تک 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے اور ان رضاکاروں کو قدرتی آفت، حادثات یا بیماری کی صورت میں انسانی جان بچانے کیلئے بنیادی تربیت دی جا رہی ہے۔ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور محفوظ، باصلاحیت اور ذمہ دار پنجاب کی جانب ایک قدم ہے۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے 3 لاکھ سول ڈیفنس رضاکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہونے پر کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پنجاب بھر میں مردوں کے شانہ بشانہ خواتین بھی بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا رہی ہیں۔ اب تک 206,000 سے زائد مرد حضرات اور 94,000 سے زائد خواتین نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ اب تک کی رجسٹریشن میں گوجرانوالہ پہلے، لاہور دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ انسانی جان بچانا بیش قیمت عمل ہے جس کیلئے رضاکاروں کو تیار کر رہے ہیں۔ سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے 50 کروڑ کی لاگت سے آلات خریدے گئے۔ شہری بطور رضاکار سول ڈیفنس کا حصہ بننے کیلئے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ شہری اپنی صلاحیت و قابلیت کے مطابق کسی بھی میدان میں خدمات کی فراہمی کیلئے رضاکار بن سکتے ہیں۔
