چوہدری سرور کو گورنرپنجاب بنانااچھافیصلہ ، یورپ میں موجود پاکستانیوں کو ملک میں ملازمتیں فراہم کریں : بیرسٹرامجدملک

چوہدری سرور کو گورنرپنجاب بنانااچھافیصلہ ، یورپ میں موجود پاکستانیوں کو ملک ...
چوہدری سرور کو گورنرپنجاب بنانااچھافیصلہ ، یورپ میں موجود پاکستانیوں کو ملک میں ملازمتیں فراہم کریں : بیرسٹرامجدملک

  

لندن (بیورورپورٹ) اے پی ایل برطانیہ کے صدر مسٹر امجد ملک نے چوہدری سرور کو مسلم لیگ ن کی حکومت کی طر ف سے پنجاب کا گورنر مقرر کیے جانے کے فیصلہ کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا عنان حکومت چلانے کے لیے جتنا پاکستان کے اندر رہنے والے شہریوں کا حق ہے، اتنا ہی دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی اس کا حق رکھتے ہیں کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا رول ادا کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری سرور ایک انتہائی دور اندیش اور انتہائی زیرک سیاستدان ہیں، بلاشبہ میاں برادران نے بدترین حالات میں بہترین فیصلہ کر کے اپنی دو ر اندیشی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے تارکین وطن پر مزید اعتماد کا اظہار کریں اور انہیں پاکستان کے لیے کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یورپی ممالک میں پاکستان کے اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو پاکستان میں سرکاری محکموں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں، پاکستان اپنے ہی نوجوانوں کے تجربہ اور تعلیم سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔یہاں یہ امر قابل زکر ہے کہ چوہدری محمد سرور اور بیرسٹر امجد ملک برطانیہ میں میاں برادران کے انتہائی پر اعتماد ساتھی ہیں اور دونوں کا نام برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے طور پر لیا جا رہا تھا ،اب چوہدری سرور کی طرف سے برطانوی نیشلٹی چھوڑ کر پاکستان کی خدمت کے فیصلہ کے بعد بیرسٹر امجد ملک کے برطانیہ میں ہائی کمشنر کی تقرری کے امکانات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

مزید : بین الاقوامی