پنجاب حکومت شمالی وزیر ستان کے بے گھر افراد کی امداد میں پیش پیش
شمالی وزیرستان میں چند ہفتے قبل دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع ہوا تو مقامی آبادی نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی۔ حکومت پنجاب دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے اور آپریشن ضرب عضب کو کامیاب بنانے کے لئے نقل مکانی کرنے والے بہن بھائیوں کے دکھوں و مصائب کو کم کرنے کے لئے شب و روز کوشاں ہے۔ لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے سے بے شمار مسائل نے جنم لیا مگر اس موقع پر بھی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بہن بھائیوں کی مدد کے لئے سب سے پہلے سامنے آئے اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد کے لئے 50 کروڑ روپے سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ قائم کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب‘ صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی کی جانب سے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کی گئی جبکہ حکومت پنجاب کے افسران نے ایک روز کی تنخواہ کا عطیہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کے لئے 2000 خیمے ‘ 20کلوآٹا کے 10 ہزار 800 تھیلے‘ 20 کلوگرام چاول کے 6ہزار تھیلے‘ 60 ٹن کھجور‘ 200 سلائی مشینیں اور فوڈ ہیمپرز وغیرہ ‘ 90 ٹرکوں پر بنوں بھیج دیئے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے بے گھر ہونے والے افراد کے مویشیوں کے لئے چارے کے کئی ٹرک بھی بنوں بھجوا دیئے ہیں۔
آئی ڈی پیز کے جذبہ حب الوطنی کی قدر کرتے ہوئے اور ان کی روزمرہ ضروریات کے لئے زونگ برانچ لیس بنکنگ کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر تقریباً 24 ہزار خاندانوں کو 16 کروڑ 67 لاکھ 62ہزار روپے سے زائد مالی امداد بھی دی جا رہی ہے۔ ہر خاندان کو 7 ہزار روپے ادا کئے جا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب شمالی وزیرستان میں ہسپتال‘ فنی تعلیم کے ادارے اور خواتین کے کالج قائم کرے گی۔ آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے یونیورسٹی طلباءپر مشتمل 40ہزار افراد کی شہبازشریف والنٹیئر فورس بھی ملک و قوم کے لئے قربانی دینے والے بہن بھائیوں کے لئے متحرک ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب سپورٹس بورڈ راولپنڈی‘ ملتان‘ فیصل آباد اور لاہور میں ٹی20 میچ کرا رہا ہے۔ میچوں سے ہونے والی آمدنی آئی ڈی پیز کو دی جائے گی۔ صوبائی وزیرکھیل رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ فنڈریزنگ میچز کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بنوں میں ایک سپیشلائزڈ ہاسپٹل‘ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ویٹرنری ڈاکٹر اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹرکٹر اور دیگر سامان بھی حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے قائم خصوصی سٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کی جس کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 36 اضلاع میں آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز اکٹھے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ نقد رقم کی تقسیم کے لئے بنک آف پنجاب‘ زونگ اور پی ڈی ایم اے کے مابین معاملات طے پا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آئی ڈی پیز سے مستند ڈیٹا تک رسائی کا سسٹم تشکیل دیا گیا تاکہ مالی امداد کی تقسیم کے تیزرفتار نظام کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے آئی ڈی پیز کے لئے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل کی تنصیب کے منصوبے پر کام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈل ٹاﺅن سے 24 جون کو امدادی سامان پر مشتمل ٹرکوں کا پہلا قافلہ خود روانہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کے افسروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم کی دعائیں افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر فوج کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی بھر پور مدد کے لئے چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں عطیات دےنے کی اپیل کا انتہائی مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور مخیر حضرات ، صنعتکاروں ، تاجروں، اراکین اسمبلی اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے دل کھول کر امداد ی چیک دےنے کا سلسلہ جاری ہے -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کوایک روز میں چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں تقریباً 12کروڑ روپے کے چیک پیش کئے گئے -وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں اپنے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد کر کے آپ ثواب کما رہے ہیں -آ پ کی رقم امانت سمجھ کر آئی ڈی پیز پر خرچ کی جائے گی -
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف 14 جولائی کو شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بنوں گئے اور شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنے والے افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور عوام آزمائش کی موجودہ گھڑی میں شمالی وزیرستان کے بے گھرہونے والے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کی امداد اور بحالی کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 50کروڑ روپے کی رقم سے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے جس میں پنجاب کے عوام اور صاحب ثروت افراد کی طرف سے کھلے دل کے ساتھ عطیات جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس فنڈ کے تحت اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی امداد کے لئے اربوں روپے مہیا کریں گے۔
اس موقع پروزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاکہ آپ نے پاکستان کی خاطر اور پاکستان کی سا لمیت کی خاطر ہجرت کی ہے ،اپنا گھربار چھوڑا ہے۔پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے میں پنجاب کے عوام کی طرف سے محبت اور خیر سگالی کا پیغام لے کر آپ کے پاس آیا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام کی پاکستان کے قیام اور استحکام کے لئے قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں اور خود بانی قوم حضرت قائداعظمؒ بھی تعریف کرچکے ہیں۔مسلح افواج کی قربانیوں پر پوری قوم اپنے بہادر جوانوں اور افسروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاک فوج صرف دہشت گردوں کا مقابلہ ہی نہیں کررہی بلکہ متاثرین کی بحالی کے لئے شاندار کردار ادا کررہی ہے۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔ اگر پاکستان کے کسی ایک حصے میں کوئی پاکستانی دہشت گردی کا شکار ہوتا ہے تو پوری قوم اس پر اشک بار ہوتی ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے جس طرح بندوق کی گولی ضروری ہے اسی طرح غریب اور پسماندہ عوام کو گمراہ ہونے سے محفوظ رکھنے کے لئے انہیںتعلیم ، صحت اور زندگی کی دیگر سہولتیں فراہم کرنا ناگزیر ہیں۔سوات میں کامیاب آپریشن کے بعد وہاں پر معاشی اور سماجی اقدامات کے ذریعے کئی مثبت اقدامات کیے گئے جو نہایت خوش آئند ہیں۔سوات میں 86کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ہسپتال بھی تعمیر کیا گیا۔انہوں نے کہا ہم ایک خدا، ایک رسول اور ایک کتاب کے ماننے والے ہیں اور انشاءاللہ اس کی برکت سے اس مشکل مرحلے کو بھی عبور کرلیں گے۔ وزیراعلیٰ نے آئی ڈی پیز کے مطالبے پر بنوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے حوالے سے وزیراعظم سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ٭