محض عمارتیں کھڑی کرنے سے تعلیمی شعبے میں ترقی نہیں آسکتی ،نگران حکومت تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی:وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ محض عمارتیں کھڑی کرنے سے تعلیمی شعبے میں ترقی نہیں آسکتی، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی معیاری فراہمی اور تکنیکی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ اساتذہ کی سکولوں میں دستیابی سے ہی ہم تعلیمی پستی سے باہر نکل سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں سیکنڈری اور ہائیر ایجوکیشن سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا کہ ماضی میں تعلیم پر مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث آج ہمارا تعلیمی شعبہ مشکلات کا شکار ہے اور ہم باقی صوبوں سے تعلیمی میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں، صرف عمارتیں تعمیر کرنے سے تعلیمی شعبہ میں ترقی نہیں آسکتی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 52فیصد پرائمری سکول صرف ایک ایک کمرہ پر مشتمل ہیں جبکہ یہ سکول بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کا پانی اور باتھ رومز سےبھی محروم ہیں جبکہ سینکڑوں سکول ایسے ہیں جن کی اب تک چار دیواری بھی نہیں بنائی گئی۔وزیراعلیٰ علاؤالدین مری نے ہدایت کی کہ تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی حاضری سمیت گھوسٹ اساتذہ کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، اگر ہمارے ایک ملین سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہوں گے تو ہم کبھی بھی ترقی نہیں کرسکیں گے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں میں انرولمنٹ کی شرح کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی کے لئے ٹیکنیکل سینٹروں کو مزید فعال بنایا جائے، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیمی شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ سے تعلیمی شعبہ میں بہتری لائی جاسکتی ہے اور اساتذہ کی تربیت کے ساتھ سکولوں کی کارکردگی بڑھانے کے لئے ضلعی سطح پر ان کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیمی شعبہ سے وابستہ افراد بالخصوص اساتذہ کرام کو چاہئے کہ اس مقدس پیشے کی خود عزت کرتے ہوئے اپنے فرائض میں کوئی کوتاہی نہ برتیں کیونکہ ہمارے بچوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی۔