سابق حکمرانوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،25 جولائی احتساب اور انقلاب کا دن ہے: سینیٹر سرا ج الحق
مانسہرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ،25 جولائی احتساب اور انقلاب کا دن ہے،ہمارا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے جو ایک بار پھر اپنے آلہ کاروں کو اقتدار کے ایوانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں مگر پاکستان کے غیرت مند اور اسلام پسند عوام اس بار ان کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔
نجی ٹی وی چینل ”جیو نیوز“ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے مانسہرہ میں ایم ایم اے کے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 25 جولائی کے الیکشن اسلام اور سیکولر قوتوں کے درمیان جنگ ہے،سابق حکمرانوں نے ملکی جغرافیہ اور قومی اتحاد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ستر سال تک حکمرانی کرنے والے ایک بار پھر چہرے اور پارٹیاں بدل کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرر ہے ہیں،مجلس عمل پاکستان میں قرآ ن و سنت کی بالادستی چاہتی ہے اور ملک میں مدینہ منورہ جیسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ خوف اور دھمکیوں کے باوجود مانسہرہ میں اتنا بڑا جلسہ کامیاب عوامی شو ہے.
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے کرپٹ اور بددیانت ٹولے کا احتساب کریں اور متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں تاکہ اقتدار میں آ کر ان لٹیروں سے قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جائے، ہم پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ اسلامی ریاست بناناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر سودی نظام ختم کردے گی اور اسلامی نظام معیشت رائج کیا جائے گا تاکہ عوام کو سود ،مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ سے نجات مل سکے،متحدہ مجلس عمل کامیاب ہو کر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلائے گی۔