پی سی بی کا اعلیٰ سطحی وفد26 جولائی کو بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کریگا
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعلیٰ سطح کا وفد26 جولائی کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کرے گا،وفد اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولتوں کے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لیگا۔گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسٹیڈیم میں کمرشل سہولتیں پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، کمرشل سہولتوں کے مواقع بڑھانے سے پیدا ہونے والی آمدن کو ریجنل کرکٹ کی ترقی پر خرچ کیا جائیگا جو پی سی بی کی حکمت عملی کے تحت الحاق شدہ یونٹس کی صلاحیتیں اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد دیگا۔وفد میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری اکبر درانی، شاہ دوست اور پی سی بی کے نمائندگان شامل ہوں گے۔دورے کے دوران پی سی بی کے کنسلٹنٹ، نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان کے نمائندگان وفد کو بریفنگ دیں گے۔