پنجاب کابینہ،بارشوں سے فصلوں کو نقصان کے ازالے کا امدادی پیکیج منظور،55دیہات آفت زدہ قرار

پنجاب کابینہ،بارشوں سے فصلوں کو نقصان کے ازالے کا امدادی پیکیج منظور،55دیہات ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کابینہ نے حالیہ بارشوں،طوفان اورژالہ باری کے باعث کاشتکاروں کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے امدادی پیکیج کی منظوری دیدی،27 اضلاع کے 55 متاثرہ دیہات کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا،آبیانہ اور مالیہ معاف ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پولیس کا 2005سے منجمد فکس ڈیلی الاؤنس 2013 کی شرح کے مطابق بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔پولیس کے ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی فکس ڈیلی الاؤنس 2013ء کی شرح سے ملے گا۔اجلاس میں کیڈرپوسٹ پر تعینات سول افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری د ی گئی۔سول افسران کوان کی بنیادی تنخواہ کے1.5گنا کے تناسب سے ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ کے 1.5گنا کے تناسب سے خصوصی الاؤنس کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی اور اس ضمن میں آئندہ سے زمین شفاف طریقے سے الاٹ کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں تحصیل صادق آباد کے علاقے چولستان میں پی پی ایل کو تیل کی تلاش کے لئے اراضی دینے کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلی نے دریائے جہلم سے بعض علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کی پہلی سیاحتی پالیسی کی اصولی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاحوں کی دلچسپی کے حصول کیلئے خصوصی مراعات کا پیکیج تیار کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ سے پنجاب اور پاکستان کا سافٹ امیج ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے نجی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔اجلاس میں میٹرک اورایف اے،ایف ایس سی کے امتحانات کے لئے گریڈنگ سسٹم مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلا مرحلہ نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتحانات کیلئے گریڈنگ سسٹم یکساں نظام تعلیم کی جانب اہم قدم ہے جس سے رٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوگا۔ایسا نظام تعلیم دیں گے کہ ہمارے بچے انٹرنیشنل لیول پر مقابلہ کرسکیں۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ گریڈنگ سسٹم کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔اجلاس میں سرکاری اراضی ڈسپوزل پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔پنجاب کابینہ نے آئندہ سے سرکاری اراضی اوپن نیلامی کے تحت لیزپر دینے کی منظوری دی۔بے زمین کاشتکاروں کو لیز پر دی جانے والی اراضی کے مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا گیا،جن کاشتکاروں نے 80فیصد اراضی کو آباد کیا ہے انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔اجلاس میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سیالکوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔کابینہ اجلاس میں مالی سال2016-17اور2018-19کے پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے مرتب کی جانیوالی آڈٹ رپورٹس کی منظوری  دی گئی۔کابینہ کی منظوری کے بعد آڈٹ رپورٹس پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس ضمن میں قائم کی جانے والی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ کے 13ویں اور14ویں اجلاسوں کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 10ویں اور11ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔بعدازاں سول سیکرٹریٹ میں  سرکاری افسروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہر افسرشفافیت،فعالیت،ایمانداری،خود احتسابی اورملک و قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرے۔اب باتیں بنانے یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔وطن کو عظیم تر بنانے کیلئے پوری قوم کو متحرک کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میری ٹیم میں لوگ سفارش کی بنا پر نہیں آئے بلکہ خداداد صلاحیتوں کی بدولت ٹیم کا حصہ بنے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی نیک نامی اورساکھ بنانے میں کردارادا کرنے والوں کو فراموش نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس،ڈاکٹروں،انجینئروں اورسول ایڈمنسٹریشن کو پیکیج دیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا،وزیراعلیٰ سپورٹس کمپلیکس میں قائم ای لائبریری گئے اور ڈیجیٹل لرننگ روم اور آڈیٹوریم کا معائنہ کرنے کیساتھ ساتھ وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ بھی لیا،وزیر اعلی نے ای لائبریری میں نوجوانوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا  ہے اگر کوئی مسئلہ درپیش ہے تو بتائیں، نوجوانوں کی جانب سے کتابوں کی تعداد میں اضافے کے مطالبے پر وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کتابوں میں اضافے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلی نے ای لائبریری کی ممبر شپ بھی لی۔وزیر اعلی نے ان ڈور جیمنیزیم کا بھی دورہ کیا اور کھیلو ں کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی نے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایااور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔وزیر اعلی نے مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے الحمرا ء ہال میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام کلرز آف پنجاب کے تحت ڈیرہ غازی خان کلچر ل شو دیکھا،وزیراعلیٰ نے شو میں علاقائی و ثقافتی کلچر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے پر فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے شاندار ڈی جی خان کلچرل شو کے انعقاد پر محکمہ اطلاعات و ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ لوک فنکاروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے لہٰذاپنجاب حکومت علاقائی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اس طرح کے مزید شو منعقد کرائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -