امریکہ ،کینیڈا میں شدید گرمی کی لہر آئندہ ہفتے بھی جاری رہنے کا امکان
نیویارک;47;ٹورنٹو(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ اور کینیڈا میں ہیٹ ویو کے باعث جاری شدید گرمی آئندہ ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ نیویارک کے میئر نے شہر میں شدید گرمی کے باعث مقامی ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے ۔ اس کے علاوہ نیویارک کے میئر نے شہر میں 500 کولنگ سینٹرز کھولنے کا بھی اعلان کیا ۔ دوسری جانب کینیڈا کے بھی بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنٹو میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ شدید گرمی کی لہر امریکا کے بیشتر حصے کو متاثر کرے گی ۔ ماہرین کے مطابق نیویارک، واشنگٹن، بوسٹن اور وسط مغربی خطے میں ہیٹ ویو کے باعث 20 کروڑ لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بعض مقامات پر پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی بڑھنے کا امکان ہے جس کے سبب کینیڈا کے علاقے بھی گرمی کی زد میں آئیں گے ۔ ماہرین کا کہناہے کہ گرمی کی شدید لہر کی وجہ حالیہ برسوں میں ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں جس کی وجہ سے رواں برس ماہِ جون گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا ۔
امکان