مریم بی بی ریلیوں کی قیادت کی بجائے کرپشن کا جواب دیں،وزیراعظم عمران خان کسی کرپٹ سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے:میاں اسلم اقبال
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے مریم نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم بی بی ریلیوں کی قیادت کی بجائے کرپشن کا جواب دیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں محمد اسلم اقبال نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’مریم بی بی ریلیوں کی قیادت کی بجائے کرپشن کا جواب دیں،ن لیگ کی آدھی قیادت ڈیل اور باقی احتجاج کرنا چاہتے ہیں، دن بدن لیگی کارکن بھی اپنی قیادت کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان کسی کرپٹ سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، قومی دولت کی ایک ایک پائی واپس لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف آج فیصل آباد میں اپنے والد اورسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی رہائی کے لئے حکومت کے خلاف احتجاج ریلی سے خطاب کریں گی ،مریم نواز جاتی امرا سے فیصل آباد کے لئے ایک بڑے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے روانہ ہو چکی ہیں ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ روکنے والوں کو بتا دو ,جلسہ لاہور جاتی امراء سےہی شروع ہوچکاہے,روک سکتے ہو تو روک لو,جس حکومت کولیڈران کو بند کرنا پڑے،جس حکومت کو کارکنان کو گرفتار کرکے بند کرنا پڑے،جس حکومت کو جلسوں کو بند کرنا پڑے ،جس حکومت کو آوازوں کو بند کرنا پڑے ،جس حکومت کو راستوں کو بند کرنا پڑے،اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں ، وہ حکومت لڑ کھڑا رہی اور آخری سانسوں پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کے توسط سے فیصل آباد کے صنعت کاروں ،تاجروں ،مزدوروں ،محنت کشوں اور مسلم لیگ ن کے شیروں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ مریم نواز شریف آپ کے پاس آ رہی ہے۔