’ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات نہیں ہوسکتے کیونکہ ۔۔۔ ‘ سینئر تجزیہ کار نے حیران کن حقیقت بیان کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ امریکہ ایک عالمی طاقت ہے ، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات نہیں ہوسکتے ، البتہ متوازن تعلقات کی سطحیں ضرور ڈھونڈی جاسکتی ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ جس طرح ہمارا امریکہ کے بارے میں ایک بیانیہ ہے ، اسی طرح امریکہ میں بھی پاکستان کے بارے میں شکایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بات نہیں کہ امریکہ کی اپنی کوئی سوچ نہیں اور وہ بھارت کے اشارے پر ناچتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے ساتھ برابر ی کی سطح پر بات چیت نہیں ہوسکتی لیکن مذاکرات میں کئی ایسی متوازن سطحیں ڈھونڈی جاسکتی ہیں جن پر بات ہوسکتی ہے ۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ پاکستان کی اہمیت اپنے جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے ہے ، امریکہ یہ سمجھتاہے کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان نے سہولت فراہم کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ میں پاکستان کے ساتھ امریکہ کے عسکری تعلقات بہتر ہونگے ، ڈپلومیٹک امداد فراہم کی جائیگی ، اس وقت پاکستان کی خواہش یہ ہے کہ 2020کے قرضے ری شیڈول ہوجائیں تو اس میں امریکہ کی طرف سے مدد فراہم کی جاسکتی ہے ۔