عمران خان نے ریورس گئیر لگا کر ملک کو 2002میں کھڑا کر دیا،حکومت بری طرح ناکام اور اسکی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا:احسن اقبال

 عمران خان نے ریورس گئیر لگا کر ملک کو 2002میں کھڑا کر دیا،حکومت بری طرح ناکام ...
 عمران خان نے ریورس گئیر لگا کر ملک کو 2002میں کھڑا کر دیا،حکومت بری طرح ناکام اور اسکی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا:احسن اقبال

  

نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما  احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہےاوراسکی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے،عمران خان نے ریورس گئیر لگا کر ملک کو 2002میں کھڑا کر دیا ہے،پچیس جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا  ۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ  حکومتی نمائندوں سے گالیاں نکلوائی جارہی ہیں اور اپوزیشن رہنماؤں کی  کردار کشی کی جا رہی ہے جبکہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے،عمران خان نے ریورس گئیر لگا کر ملک کو 2002میں لا کھڑا کیا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ سینیٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کامیاب  اورحکومت کو بدترین شکست ہو گی، حکومت ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے اور وہ دوبارہ مچھلی منڈی لگائے گی ۔

احسن اقبال نے کہا عوام سے جمہوری حق چھینا جا رہا ہے، حکومت نے ایک سال میں عوام کو کیا ریلیف دیا؟عمران خان کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ،حکومت بدترین کرپشن کر رہی ہے  اور اپنے وزیروں کو ٹھیکے دیے جا رہے ہیں،مسلم لیگ کے دور میں ہر سال پہلے کی نسبت ترقی ہوئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم کو دورہ امریکا سے متعلق اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا،مسلم لیگ نے ملک کو گرے لسٹ سے نکالا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے متعلق انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے  پاکستان کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں میں کون فنڈنگ کر رہا تھا؟ اب عمران خان کو یہ بتانا ہو گا کہ وہ یہ سب کس کے لیے کر رہے تھے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -نارووال -