’’نواز شریف کی رہائی کے لئے ایک اسلامی ملک کے سربراہ مملکت نے پیسے دینے کی پیش کش کی ۔۔۔‘‘شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر بڑا دعویٰ کر دیا
اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک اسلامی ملک کے سربراہ نے کہا کہ میں شریف برادران کی طرف سے رقم دینے کو تیار ہوں، آپ انہیں جانے دیں مگر عمران خان نے کہا کہ ایسا کسی صورت نہیں ہو سکتا ،آپ اس کو تحریر میں لاؤ کہ یہ پیسے کن بنیادوں پر دے رہے ہیں؟ یا کس کے پیسے ہیں جس میں سے آپ دے رہے ہیں مگر وہ ایسا کرنے کوتیار نہیں تھا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں اس بات کا حامی ہوں کہ نوازشریف سے تھوڑے پیسے لے کر انہیں جانے دو مگر عمران خان نہیں مانے ،عمران خان نے اگر زندگی میں میری کوئی بات رد کی ہے تو یہ بات ہے،عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نواز شریف سے پیسے لیے بغیر نہیں چھوڑوں گا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی موجودگی میں آنے والے دو ٹیلی فون خود سنے، یہ لوگ رابطے میں تھے،ایک شخص نے عمران خان کو کہا کہ میں پیسے دے دیتا ہوں نواز شریف کو جانے دیں،عمران خان نے کہا کہ یہ کس کے پیسے ہیں؟ جس کی تفصیلات بتانے سے انکار پر عمران نے کہا کہ پھر ایسا ناممکن ہے،اگر ڈیل کی بات نہیں ہورہی تھی تو قوم کو بتایا جائے ان کے یکدم ٹوئٹ کیوں بندہوگئے تھے؟۔