عمران خان کا دورہ امریکہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، ہمایوں اختر
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان تمام عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں برابری اور توازن رکھنا چاہتا ہے اور قومی مفادات کو ہر صورت پیش نظر رکھا جائے گا،وزیر اعظم عمران خان نے جتنے بھی غیر ملکی دورے کئے ہیں ان میں تجارت کافروغ موضوع بحث رہا ہے اور امریکہ کے دورے میں بھی یقینی طو رپر اس پر بات ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سب سے پہلے اپنی خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین کیا ہے اورپاکستان نے اس میدان میں کئی دہائیوں پر بھرپور کامیابی سمیٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف ممالک سے تجارتی معاہدوں کیلئے بات چیت کر رہی ہے اور اس میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ ہر لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جس میں خطے کی صورتحال خصوصاً افغانستان کا معاملہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ پاکستان نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ افغانستان میں امن ہو کیونکہ پر امن افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دلیر لیڈر ہیں اور وہ امریکی صدر سے ہونے والی ملاقات میں قوم کے مفاد کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالیں گے کیونکہ انہیں 22کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے۔
ہمایوں اختر