ساون آیا، شجرکاری شروع؟

ساون آیا، شجرکاری شروع؟

  

ساون کی آمد کے بعد موسم برسات کی شجر کاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اطلاع یہ تھی کہ وزیراعظم لاہور آکر باغوں کے اس شہر کے سابقہ دور والے سبزہ زار واپس لانے کی مہم کا افتتاح کریں گے۔ تاہم ان کا حالیہ دورہ دوسرے امور سے متعلق رہا۔ اس عرصہ میں پی ایچ اے اور محکمہ جنگلات نے پودے لگانا شروع کر دیئے کہ برسات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور میں دو تین مقامات پر مصنوعی جنگل بھی بنائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے ہزاروں پودے لگا کر ان کی افزائش کا انتظام کیا جا رہا ہے، جہاں تک شجر کاری کا تعلق ہے تو یہ سال مین دو بار موسم بہار اور ساون میں ہوتی ہے اور ہر سال ایسا کیا جاتا، ہزاروں لاکھوں پودے لگانے کا اعلان کیا جاتا ہے، تاہم پودوں کے تحفظ کے حوالے سے کوئی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے خیبرپختون خوا میں ”بلین ٹری“ منصوبہ شروع کرایا تھا، وہ بھی متنازعہ بنا دیا گیا ہے، اسی طرح سندھ، بلوچستان اور خصوصاً پنجاب میں بھی لاکھوں پودے لگانے کے اعلان سامنے آتے رہے ہیں، گزشتہ موسم بہار میں اس بار ماضی سے زیادہ شجر کاری ہوئی تھی۔ تاہم حفاظت کے موثر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ سب درخت نہیں بن پائے۔ اگر پچاس فی صد کیا پچیس فیصد بھی درخت بن جاتے تو آج صورت حال مختلف ہوتی۔

مزید :

رائے -اداریہ -