تعمیرات صنعت کے پیکیج پر عملد رآمد یقینی بنایا جائے،احمد عز یز تارڑ

تعمیرات صنعت کے پیکیج پر عملد رآمد یقینی بنایا جائے،احمد عز یز تارڑ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی صنعت کی حوصلہ افزائی کے لئے وزیرا عظم پاکستان کے پیکیج پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے اور تعمیراتی نقشے 30دن کے اندر اندر منظور کئے جائیں۔ اس مقصد کے لئے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل پر قائم ای خدمت مرکز میں تمام ضروری سہولیات اور عملہ مہیا کیاجائے اور شہریوں کے کاموں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ کنور اعجاز خلیق رزاقی،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹرز فارقلیط میر اور چیف ٹاؤن پلانر طارق محمود نے ایل ڈی اے ای خدمت مرکز کا دورہ کیا اور یہاں سے شہریوں کو مہیا کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ای خدمت مرکز کی انچار ج ڈپٹی ڈائریکٹر ثانیہ راشد نے انہیں بریفنگ دی۔ ان افسران نے ای خدمت مرکز کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے اس لئے عمارتوں کے نقشوں کی منظور ی اور اجازت نامے کا حصول آسان بنایا گیا ہے۔ نئی متعارف کروائی جانے والی خدمات کا مقصد تعمیرات کے شعبے سے منسلک افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولت مہیا کرنا ہے لہذا تمام درخواستوں پر مقررکردہ ٹائم لائن کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایاجائے۔