کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، نیپرا رپورٹ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ دنوں کراچی میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کرادی۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وائس چیئرمین نیپرا اور دیگر ممبران بھی شریک ہوئے جب کہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ پررپورٹ پیش کی گئی۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں لوڈ شیڈنگ کی مکمل ذمہ داری کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک پر عائد کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے لائسنس کی خلاف ورزی کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لائسنس کے تحت کے الیکٹر ک صارفین کو بجلی فراہمی کی پابند ہے، پاورپلانٹس کو تیل کی عدم دستیابی کے ذمہ دار صارفین نہیں۔ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ کی سربراہی میں نیپرا ٹیم نے 4 روز تک انکوائری کی تھی، ٹیم نے کے الیکٹرک کی بجلی پیداوار و لوڈشیڈنگ کا ڈیٹا حاصل کیا تھا اور کے الیکٹرک کے صارفین سے بھی ملاقات کی تھی۔ذرائع کے مطابق اتھارٹی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ اتھارٹی اجلاس میں اووربلنگ سے متعلق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا خط زیرغورنہیں آیا جس کی وجہ یہ ہے کہ نیپرا پہلے ہی گورنر سندھ کے خط کا جواب دے چکی ہے۔
نیپرا رپورٹ