ڈرگ ٹرائل پروٹیکٹ نے 525کورونا مریضوں کی صحت یابی کے نتائج جاری کر دیئے
لاہور(جنرل رپورٹر) کورونا پر پاکستان کے سب سے بڑے ڈرگ ٹرائل پروٹیکٹ کے ابتدائی نتائج جاری کردیے گئے۔ یہ ریسرچ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام کی جارہی ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن کورونا کے مریضوں کو تین ادویات ہائیڈروکسی کلوروکوئن، ازتھرومائسن اور اوسلٹا مویر مشترکہ طور پر دی گئیں ان میں صحت یابی کا تناسب 86 فیصد رہا۔ پیر کے روز یو ایچ ایس نے ابتدائی طور پر 5 جولائی تک شامل کیے گئے 525 مریضوں کا ڈیٹا جاری کیا۔ نتائج کا اعلان وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے خصوصی تقریب میں کیا جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے۔ تقریب میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور،ریسرچ میں شامل اداروں کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم جو کہ اس تحقیقی پراجیکٹ کے پرنسپل انوسٹی گیٹر بھی ہیں،نے بتایا کہ ایسے مریض جنھیں کوئی ادویات نہیں دی گئیں ان میں سے 33 فیصد دو ہفتے بعد بھی کورونا پازیٹیو رہے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس نے مزید بتایا کہ یہ ریسرچ کے ابتدائی نتائج ہیں۔ مکمل تحقیق میں 9500 مریض شامل ہوں گے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ تحقیق پر اب تک تین کروڑ روپے خرچ ہوئے جو یونیورسٹی نے اپنے وسائل اور عطیات سے جمع کیے۔ تقریب میں وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان خان،پروفیسر عزیز الرحمن، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، پروفیسر مریم نواز تارڑ،جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی، ابرارالحق، پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر اسد اسلم، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، ڈاکٹر فرح خالد، پروفیسر ظفر گل، پروفیسر حنیف ناگرہ، پروفیسر محمد شہزاد، ڈاکٹر اللہ رکھا، وقاص لطیف، فیصل امین اور ڈاکٹر شاہ نور نے شرکت کی۔
ڈرگ ٹرائل