عازمین حج نے 7دن کیلئے گوشہ تنہائی اختیار کر لی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

عازمین حج نے 7دن کیلئے گوشہ تنہائی اختیار کر لی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ریاض،مکہ مکرمہ (این این آئی)سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ کی ہدایت پر اس مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے چنیدہ عازمین نے کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے اپنے اپنے گھروں میں سات یوم کی لازمی تنہائی اختیار کر لی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس سال حج کے لیے منظور کردہ پروٹوکول کے مطابق تمام شرائط اور تقاضوں پر پورا اترنے والے عازمین نے سات یوم کے لیے خود کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ کر لیا۔سعودی عرب نے 22 جون کو اس سال کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔حج اسلام کا پانچواں رکن ہے اور یہ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔گذشتہ سال پچیس لاکھ سے زیادہ فرزندانِ توحید نے فریض حج ادا کیا تھا۔سعودی حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف 10 ہزار عازمین کرام حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ان میں سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکینِ وطن کی تعداد 70 فی صد ہے اور 30 فی صد سعودی شہری حج ادا کریں گے۔سعودی عرب میں حج کے موقعے پر سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے تعینات فورسز کے کمانڈر نے حالیہ حج سیزن کی تیاریاں کو مکمل کرنے کا اعلان کیاہے اورکہاہے کہ حج کے موقعے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری تدابیر اختیار کی جائیں گی۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس سال حج کے لیے دوسرے ممالک اور اقوام سے محدود تعداد میں حجاج کرام کو شامل کیا گیا۔
سخت انتظامات

مزید :

صفحہ آخر -