ڈاکٹر صابرمیمن ٹراما سینٹر کے سربراہ مقرر ہوگئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی سفارش پر حکومت سندھ نے محکمہ صحت کے20گریڈ کے سینئر افسر ڈاکٹر محمد صابر میمن کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کا چیف ایگزیکٹوآفیسر مقررکردیاہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد صابر میمن قبل ازیں ایڈیشنل سیکریٹری صحت، ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں سمیت دیگر اہم عہدو ں پر بھی محکمہ صحت میں خدمات سر انجام دے چکے ہیں،علاوہ ازیں انہوں نے گذشتہ روز اپنے نئے منصب کا چارج سنبھالنے کے بعد ماتحت افسران کے تعارفی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ حکومت نے انہیں جو ذمہ داریاں سونپی ہیں وہ آرتھوپیڈک سرجن کی حیثیت سے ٹراما سینٹر کو جدید طبی تقاضوں کے مطابق چلانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور اسٹاف سے یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو دیانت داری سے اداکریں گے۔واضح رہے کہ وہ ٹراما سینٹر کے چوتھے انتظامی سربراہ ہیں۔