سی پیک سے معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا: لی بی چیان

سی پیک سے معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا: لی بی چیان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے قونصلر جنرل لی بی چیان (Li Bijian) نے صحافی برادری، ماس کمیونی کیشن کے طلباء، پی آر پریکٹشنر اور عام افراد کیلئے کراچی ایڈیٹرز کلب کی جانب سے آن لائن میڈیا ورکشاپ کے انعقاد کو بہت سراہا اور ان کی کاشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ COVID-19 جیسی عالمی وبا کے دوران جبکہ عوامی اجتماعات ممکن نہیں، ایسے حالات میں پوری دنیا تک رسائی اسی طرح ممکن ہوگی۔ لی بی چیان نے کے ای سی کے ساتھ اپنی آن لائن ملاقات کے دوران اس بات کو بھی سراہا کہ کے ای سی نے انہیں اپنے ریکارڈ شدہ لیکچر کے ساتھ اس ورکشاپ میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔ کے ای سی کے ساتھ اس خصوصی آن لائن ملاقات میں چائنیز قونصلیٹ نے کے ای سی اور پاکستانی میڈیا کی مکمل حمایت کا وعدہ کیا۔ کراچی ایڈیٹر ز کلب کے صدر مبشر میر اور جنرل سیکریٹری منظر نقوی نے بھی اس آن لائن زوم میٹنگ میں شرکت کی۔ چینی قونصل جنرل نے بیلٹ اینڈ روڈ اور اس کے فلیگ شپ منصوبے سی پیک پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ سی پیک سے خطے میں معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ جبکہ پاکستانی معیشت بہت زیادہ مضبوط ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ اس کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔ مبشر میر نے کے ای سی کے ساتھ خصوصی تعاون پر چینی قونصلر جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں COVID-19 کے آغاز پر کے ای سی کے ممبران کو سرجیکل ماسک کا عطیہ دینے اور ان کی جانب سے کے ای سی کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

صفحہ اول -