”یہ مطالبہ ہر صورت ماننا پڑے گا“ آسٹریلیا نے بھارت کو صاف جواب دیدیا
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے بھارتی بورڈ کے صدر سارو گنگولی کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کیلئے دو ہفتوں کا قرنطینہ لازم ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکیلی نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ماحول میں ٹریننگ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آسٹریلوی سرزمین پر قدم رکھنے والوں کیلئے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لازم ہے اور اس کے بعد یہاں پر 14 روز کے قرنطینہ کے ایس اوپیز طے شدہ ہیں۔
نک ہوکیلی کا کہنا تھا کہ ہم مہمان ٹیم کیلئے اپنی وزارت صحت کے حکام کے ساتھ مل کر تمام احتیاطی تدابیر ممکن بنائیں گے، انگلینڈ کے ساﺅتھمپٹن اور اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کی طرح ایڈیلیڈ میں ہوٹل موجود ہے جہاں ٹیم کو ٹھہرایا جاسکتا ہے، اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ جب بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا آنا ہے تو اس وقت تک ٹریول ایڈوائزری میں کچھ تبدیلی ہو۔