”اس وجہ سے کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں“ انضمام الحق نے ایک مرتبہ پھر خبردار کر دیا

”اس وجہ سے کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں“ انضمام الحق نے ایک مرتبہ پھر خبردار ...
”اس وجہ سے کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں“ انضمام الحق نے ایک مرتبہ پھر خبردار کر دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق کو طویل دورہ انگلینڈ میں کرکٹرز کے نفسیاتی مسائل کا ڈر ستانے لگا ہے جن کا کہنا ہے کہ 8 گھنٹے کھیل کے بعد 16 گھنٹے کھلاڑی کسی سے مل نہیں سکتے اور باہر نہیں جا سکتے، یقینی طور پر یہ ایک مشکل صورتحال ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا دورہ انگلینڈ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، کنڈیشنز مختلف ہونے کے باوجود ماضی میں مہمان کرکٹرز ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے ہیں البتہ ایسی صورتحال کا سب پہلی بار تجربہ کر رہے ہیں جس کے باعث مختلف طرح کا دباﺅ ہوگا، 8 گھنٹے میدان میں تو دل لگا رہے گا لیکن باقی 16 گھنٹے صرف کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ ہوں گے، کسی سے مل نہیں سکتے اور کہیں باہر جا نہیں سکتے،یقینی طور پر یہ ایک مشکل صورتحال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی کرکٹر ہمیشہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتا، اگرکبھی ایسا ہو تو دباﺅ سے نکلنے کیلئے اسے ماحول تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، بدقسمتی سے اس وقت کھلاڑیوں کو یہ سہولت میسر نہیں ہے، کچھ زیادہ وقت گزرنے کے بعد یہ صورتحال ڈپریشن میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے جس کا اثر کارکردگی پر بھی ہو گا، کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر بہت مضبوط ہونا پڑے گا،اللہ کرے کہ ایسا نہ ہو مگر عام طور پر اس طرح کی صورتحال میں پلیئرز آپس میں لڑ پڑتے ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ ماحول اچھا رکھنے کیلئے مینجمنٹ کو بہت اہم کردار ادا کرنا ہو گا، ابتداءمیں اگر ٹیم ہارتی بھی ہے تو کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند رکھیں، غیر معمولی صورتحال کی وجہ سے میں اس بار دورہ انگلینڈ کو مشکل ترین سمجھ رہا ہوں۔

ایک سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ میں بابر اعظم توقعات کا محور ہوں گے، نوجوان بیٹسمین نے رنز بنائے تو دیگر کا حوصلہ بھی جوان رہے گا،انگلش وکٹوں پر رواں سیزن میں زیادہ کرکٹ نہیں ہوئی اور ابھی تک موسم کی صورتحال کو دیکھا جائے تو ہوا میں خنکی سے گیند سوئنگ زیادہ ہو گی، پاکستان نے ماضی میں انگلش کنڈیشنز میں زیادہ فتوحات ان میچز میں حاصل کیں جب بیٹسمینوں نے اچھا مجموعہ ترتیب دیا، اس بار بھی بابر اعظم، اظہر علی اور امام الحق سمیت بیٹنگ لائن کو ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، بہتر ٹوٹل کی صورت میں باﺅلرز کو کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔

مزید :

کھیل -