راکے سلیپرز سیلز کو رقم فراہم کرنے والا "حوالہ ہنڈی" کا عالمی نیٹ ورک پکڑا گیا

راکے سلیپرز سیلز کو رقم فراہم کرنے والا "حوالہ ہنڈی" کا عالمی نیٹ ورک پکڑا گیا
راکے سلیپرز سیلز کو رقم فراہم کرنے والا

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے حوالہ ہنڈی کے ایک اور خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک کو پکڑنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے سلیپرز سیلز کو شہر قائد میں رقم فراہم کی جارہی تھی۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حوالہ ہنڈی کا دوسرا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے، ملزم جنید کو دھوراجی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا جو ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچا رہا تھا،تحقیقاتی ادارے کے مطابق گرفتار ملزم حوالہ، ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا منیجر ہے۔ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کی جارہی تھی، یہ رقم دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، دیگر آلات اور ہتھیاروں کی خریداری میں استعمال ہوتی تھی،ملزم کے دیگر ساتھی دبئی میں بیٹھ کر حوالہ ہنڈی کا سسٹم چلا رہے ہیں جبکہ بھارت سے محمود صدیقی گروپ بذریعہ ای میل کراچی میں 'را' ملزمان کو ٹاسک دیتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئی پی کے مطابق زیادہ تر ای میلز نئی دہلی سے بھیجی جاتی ہیں جبکہ ایک کوڈ ورڈ آئی ڈی بھیجی جاتی ہے جسے بتا کر رقم وصول کی جاتی ہے۔ ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ، یو ایس بی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جبکہ گروپ کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی حوالہ ہنڈی کا ایک بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا تھا، گزشتہ ہفتے وفاقی تحقیقاتی ادارے کراچی نے دو چھاپہ مار کارروائیوں میں حوالہ آپریٹرز سے بھاری نقدی برآمد کی تھیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -