انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز 2020ءکے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز 2020ءکے نئے شیڈول کا ...
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز 2020ءکے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا

  

لاہو (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے عالمگیر وباءکورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز 2020ءکے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ہاکی کے مقابلے 25 جولائی سے 7 اگست 2020ءکے درمیان جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے اوائی ہاکی سٹیڈیم میں شیڈول تھے اور اس مقام کو تبدیل نہیں کیا گیا البتہ نئے شیڈول کے مطابق یہ مقابلہ اب 24 جولائی 2021ءسے 6 اگست 2021ءکے درمیان ہوں گے۔

اولمپک گیمز میں ہاکی کا پہلا میچ پرانے شیڈول کے مطابق میزبان جاپان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا، میزبان ٹیم کو 2019 کے ہاکی پرولیگ چیمپین کا مقابلہ کرنا پڑا جو اولمپک 2004ءمیں ایتھنزمیں گولڈ میڈل حاصل کرچکی ہے۔ خواتین ہاکی کا پہلا مقابلہ بھی اسی دن عالمی نمبر ایک اور عالمی چیمپین نیدرلینڈز اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

نیدرلینڈز کی خواتین ہاکی ٹیم 1984ء، 2008ءاور 2012 میں اولمپک چیمپین کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔ گولڈ میڈل کیلئے مردوں اور خواتین کے مقابلے بالترتیب 5 اگست اور 6 اگست ہوں گے۔مقابلوں کیلئے ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں آسٹریلیا، ارجنٹائن، بھارت، سپین، نیوزی لینڈ اورجاپان شامل ہیں جبکہ پول بی میں بیلجیم، نیدرلینڈز، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم روایت کے برعکس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی اور ان مقابلوں میں شامل نہیں ہو گی۔ خواتین کے پول اے میں نیدرلینڈز، جرمنی، برطانیہ، آئرلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ہے جبکہ پول بی میں آسٹریلیا، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، سپین، چین اور جاپان کو رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس سے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور وائرس سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اکثر ملکوں کی جانب سے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے جس پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ بعد ازاں 7 اپریل کو ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، جس کے مطابق اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 23جولائی سے ہوگا۔

مزید :

کھیل -