موبائل کا تنازعہ، ایک خاتون نے دوسری کی گردن کاٹ دی
لکھنؤ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ہی مکان میں رہنے والی خاتون نے موبائل کے تنازعے پر اپنی ساتھی خاتون کی گردن کاٹ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع رام پور میں تسلیم اور ریشماں ایک ہی مکان میں کرائے پر رہتی تھیں۔ گزشتہ روز تسلیم کھانا بنا رہی تھی اور اس کا موبائل پانی کے جگ پر رکھا ہوا تھا۔ اسی دوران ریشماں کی بیٹی کا ہاتھ لگنے سے موبائل پانی میں گر کر خراب ہوگیا۔ تسلیم نے مطالبہ کیا کہ یا تو موبائل ٹھیک کرواکے دیا جائے یا پھر نیا موبائل لے کر دیا جائے۔
موبائل کے معاملے پر تسلیم اور ریشماں میں تنازعہ اتنا بڑھا کہ طیش میں آکر ریشماں نے چھری سے تسلیم کا گلا کاٹ دیا جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے ملزمہ ریشماں کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔