وائلٹی ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل 24 اگست سے شروع ہوگا
لندن (اے پی پی)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری وائٹیلٹی ٹی۔ 20 کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہوگیا ہے، ٹورنامنٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے جن میں یارکشائر، سسیکس،ناٹنگھم شائر،ہیمپشائر، سمر سیٹ،لنکاشائر،کینٹ اوروارکشائر شامل ہیں۔ وائٹیلٹی بلاسٹ ٹی -20 کا چوتھا ایڈیشن انگلینڈ میں جاری ہے۔وائٹیلٹی بلاسٹ ٹی -20 کا کوارٹر فائنل مرحلہ 24 اگست سے شروع ہوگا اور 24 اگست کو پہلا کوارٹر فائنل میچ یارکشائر اور سسیکس کے درمیان چیسٹرلی سٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا کوارٹر فائنل میچ 25 اگست کو ناٹنگھم شائر اور ہیمپشائر کے درمیان ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا، 26 اگست کو ٹورنامنٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں سمر سیٹ اور لنکا شائر کی ٹیمیں ٹاؤنٹن میں مدمقابل ہوں گی۔ جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ 27 کو کینٹ اور وارکشائر کے درمیان کینٹربری میں کھیلا جائے گا۔ وائٹیلٹی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ محدود اوورز کا فارمیٹ جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ گروپ سٹیج اور ناک آؤٹ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے۔ٹورنامنٹ 18ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ نوٹنگھم شائر کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔