ایسے حادثات کب تک ہوتے رہیں گے؟
انڈس ہائی وے پر ڈیرہ غازی خان کے قریب جھوک بادشاہ کے قریب مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کی وجہ سے34 مسافر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے،ان میں سے بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے، بس میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار تھے، ان کی اکثریت مزدور پیشہ حضرات کی ہے، جو عید منانے کے لئے گھروں کو جا رہے تھے، بس ڈرائیور نے ٹرالر سے جس میں لوہے کے گارڈر لدے ہوئے تھے، آگے نکلنے کی کوشش کی،لیکن بس کی رفتار کے باعث کنٹرول نہ کر سکا اور ٹریلر سے ٹکرا گیا، امدادی ٹیموں کے پہنچنے تک قریبی علاقے کے لوگوں نے مدد کی۔یہ حادثہ بظاہر ٹرالر اور بس کی اوور لوڈنگ کے علاوہ تکنیکی بنیاد کی وجہ سے بھی ہوا۔ بتایا گیا کہ بس سو فی صد فٹ نہیں تھی، اور اس کا کلچ خراب تھا، جبکہ ٹرالر میں گارڈر اور سریا باہر نکلا ہوا تھا، سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے،حالانکہ اب سڑکوں کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔عام حادثات غفلت اور ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے باعث ہوتے ہیں، جبکہ بسوں کی فٹنس پر بھی دھیان نہیں دیا جاتا، اکثر حادثات بریک فیل ہو جانے اور تیز رفتاری سے ہوئے۔ہیوی ٹرانسپورٹ کے لئے سالانہ فٹنس ٹیسٹ لازم ہے، کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ والے یہ ٹیسٹ ”کامیابی“ سے پاس کروا لیتے ہیں، جبکہ مکنیکل چیکنگ بہت ضروری ہے، نہیں کہا جا سکتا کہ ان حادثات کا کوئی اختتام بھی ہو گا یا یونہی سڑکوں پر قتل ِ عام ہوتا رہے گا۔