سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عید الاضحی منائی گئی،حجاج کرام نے رمی جمرات کی

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عید الاضحی منائی گئی،حجاج کرام نے رمی جمرات ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عید الاضحی پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں محدود پیمانے پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ اس موقع پر مسلم اْمہ کی سلامتی کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ خلیجی ممالک کے ساتھ ساتھ یورپ، امریکا، افریقہ، وسطی ایشیا اور ترکی میں بھی عید الاضحیٰ منائی گئی۔ مشرق بعید کے ممالک ملائشیا، انڈونیشیا اور برونائی دار السلام کے مسلمانوں نے بھی عیدمنائی۔کورونا کے باعث لوگوں کی قوت خرید کم ہوئی ہے۔ اس لیے لبنان، عراق، شام، یمن، بنگلہ دیش، فلسطین اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک کے شہری بازاروں اور مویشی منڈیوں میں مہنگائی کی شکایت کرتے نظر آئے۔ بنگلہ دیش میں لاکھوں افراد کو ڈھاکہ اور دوسرے بڑے شہروں سے ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں۔دوسری طرف گزشتہ رات مزدلفہ میں کچھ دیر قیام کے بعد حجاجِ کرام منیٰ پہنچ گئے جہاں جمرہ عقبہ میں رمی جمرات کے دوران سات سات کنکریاں مار یں۔تفصیلات کے مطابق پچھلے سال کی طرح اس سال بھی عالمی کورونا وبا کی وجہ سے محدود پیمانے پر صرف 60 ہزار افراد فریضہ حج ادا کررہے ہیں جن میں سعودی باشندے اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔خصوصی انتظامات کے تحت رمی جمرات کیلئے سعودی وزارت حج کی جانب سے حجاج کو پلاسٹک کی تھیلیوں میں بند، جراثیم سے پاک کنکریاں فراہم کی گئیں علاوہ ازیں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے دوران بھی سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا گیا ایک رو قبل پیر 19 جولائی 2021 کے روز حجاجِ کرام میدان عرفات میں رکن اعظم ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ تمام حجاج کرام نے نظم و ضبط سے مناسک حج ادا کئے جمرہ عقبہ میں، جسے ”جمرہ کبریٰ“ بھی کہا جاتا ہے، عازمینِ حج احرام کی حالت میں رمی کرتے ہیں یعنی شیطانوں کو کنکریاں مارتے ہیں۔رمی جمرات کا عمل طلوع آفتاب سے عیدالاضحیٰ کے پہلے دن (10 ذوالحجہ کو) سنت رسولؐ کے مطابق زوالِ آفتاب یعنی نمازِ ظہر سے پہلے تک جاری رہتا ہے۔حجاجِ کرام اس کے بعد قربانی کرتے ہیں، احرام اتارتے ہیں اور بال کٹواتے ہیں۔ایام تشریق کے دن 11، 12 اور 13 ذی الحج تک عازمینِ حج منیٰ میں قیام کرتے ہیں اور اس دوران وہ تین بار رمی جمرات کرتے ہیں۔جمرہ اولیٰ، جمرہ وسطیٰ اور جمرہ کبریٰ کے دوران شیطانوں پر سات سات کنکریاں پھینکی جاتی۔
عید

مزید :

صفحہ اول -