فلسفہ قربانی پر عمل کرنے میں عالم اسلام کی کامیابی،دنیا و آخرت میں بھلائی ہے:شہباز شریف

فلسفہ قربانی پر عمل کرنے میں عالم اسلام کی کامیابی،دنیا و آخرت میں بھلائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور (جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے آزادجموں وکشمیر کے عوام کے والہانہ جذبے کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے آ زاد جموں وکشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہوگا، آزادجموں وکشمیر کے عوام کیلئے نوازشریف کی قیادت میں تعمیر، ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے، اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا آزادجموں وکشمیر میں موٹرویز، تعلیم وصحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے، اللہ تعالی کے کرم سے مسلم لیگ (ن)کیساتھ کشمیر کے عوام نے تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے، کامیاب الیکشن مہم پر نون لیگ کے تمام رہنماوں، کارکنان اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا آزاد جموں وکشمیر کے عوام باشعور اور اہل بصیرت ہیں، ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کرینگے۔ پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنیوالے آزادجموں و کشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے۔ نوازشریف کی قیادت میں جس طرح پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی، آزادکشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے۔ آزاد جموں وکشمیر کے عوا م الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔تین سال سے پاکستان اور 8سال میں خیبرپختونخوا کے عوام کو ستانے والوں کو ووٹ کے ذریعے کشمیر سے چلتا کریں، شیر کو ووٹ دینے کا مطلب، مقبوضہ جموں وکشمیر، آپ کے حقوق کایقینی تحفظ اور ترقی کی ضمانت ہے۔ شہبازشریف نے عالم اسلام کوحج اور عیدالاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاحج اس مرتبہ کورونا وبا کے مصائب میں آیا، اللہ تعالی اس موذی مرض سے دنیا کو نجات دے،حج اور عید الالضحی کے مقدس دن ساتھ ساتھ آنا اللہ تعالی کی خاص رحمت کا مظہر ہے۔عید قرباں اللہ تعالی کے جلیل القدر پیغمبر حضرت ابراہیم ؑ ا ور ان کے عظیم فرزند حضرت اسماعیل ؑ کی فرمانبرداری کی یاد ہے۔اللہ تعالی کی خوشنودی اور رضا کا حصول ہی اس عظیم دن کا سبق ہے۔ فلسفہ قربانی سمجھتے ہوئے اس کی روح کے مطابق اپنی زندگیوں کو سنوارنا ہوگا، اسی میں دنیا اور آخرت کی بھلائی اور عالم اسلام کی کامیابی مضمر ہے۔عید کے موقع پر کورونا سے بچا و کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ آپ اور دیگر لوگ وائرس سے محفوظ رہیں۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -