”میڈان پاکستان“برینڈ کا فروغ ناگزیر:خواجہ شاہ زیب اکرم
لاہور(سٹی رپورٹر)سینئر نائب صدر وفاق چیمبر خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہاہے کہ '' میڈ ان پاکستان '' برینڈ کا فروغ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں بتدریج اضافہ ہورہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تجارتی تنظیموں کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے باوجود ہماری برآمدات مطلوبہ حجم سے کافی کم ہیں جبکہ پوٹینشل موجود ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یورپی یونین نے پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک کے لیے جی ایس پی کا سٹیٹس دے رکھا ہے۔پاکستان زیروڈیوٹی کا فائدہ اٹھا سکتا ہے، پاکستان سے 75فیصد برآمدات ٹیکسٹائل سے ہیں تاھم پاکستان اس کا دائرہ کار دوسرے سیکٹرز تک بھی بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس کی سہولیات فراہم کرے،کورونا وائرس کے باعث کاروباری حالات کساد بازاری کا شکار ہوئے ہیں جس سے خاص طور پر چھوٹے دکاندار بہت پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے۔ چھوٹی صنعتیں اور تاجر پس کر رہ جائیں گے.حکومت پالیسیوں کی تشکیل میں چھوٹے تاجروں اور چھوٹی صنعتوں کو نظر انداز نہ کرے اور مشاورت سے پالیسیز مرتب کرے۔ گزشستہ سال حکومت کے سخت اقتصادی اقدامات اور کووڈ ۱۹ سے کے بعد کی صورتحال سے عوام اورکاروباری سرگرمیاں کافی متاثر ہوئی ہیں جن کی بحالی کے لئے موثر پلاننگ کی ضرورت ہے۔ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو روکنا ازحد ضروری ہے کیونکہ اس سے عوام کی زندگی اور صنعت و تجارت جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔گیس اور بجلی کی قیمتوں میں تمام اضافے واپس لئے جائیں کیوں کہ مہنگی بجلی اور گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے باعث پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ درآمدی فہرست کم اور برآمدی فہرست میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کم تو ضرور ہوا ہے مگر انرجی کی قیمتوں میں اضافہ سے برآمدات بڑھانے کا حکومتی ویژن شدید متاثر ہو رہا ہے۔