کراچی میں ساحلِ سمندر پر نہانے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ
کراچی(آئی این پی)کمشنر کراچی نے ساحلِ سمندر پر نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کردی اور نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ کمشنر کراچی نوید شیخ نے دو ماہ کے لئے پابندی عائد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ شہری ساحل سمندر پر جانے سے گریز کریں اور پابندی پر عمل کریں۔نوٹیفکیشن کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران سمندر میں طغیانی کے پیش نظر 15 ستمبر تک پابندی عائد کی ہے، عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد کی ساحل آمد متوقع ہے جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔کمشنر کراچی نے کہا کہ پابندی کا مقصدسمندر میں ڈوبنے کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے شہریوں کو بچانا ہے، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
پابندی