کشمیری عوام الیکشن میں ن لیگ کو کامیاب کرائیں، احسن اقبال
نارووال(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیری عوام الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرائیں تا کہ وہ کشمیریوں کا موقف عالمی سطح پر بلند کرے، موجودہ نا اہل حکومت نے کشمیریوں کے موقف کو عالمی سطح پر سرد خانے کی نذر کر دیاہے۔ عمران نیازی نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتے یہ مقدر اور خدمت کا کھیل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر میں ہونے والے انتخاب کے حوالے سے موضع دیپوکے میں حلقہ ایل اے 37جموں 4میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑا اور کشمیر کے موقف کو خارجہ پالیسی کا اہم حصہ رکھا مگر عمران نیازی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کا سودا کیا عمران نیازی نے پاکستان کو کمزور کیا اور بھارت کا ڈر ختم ہو گیا بہتر سالوں میں بھارت کو جرات نہیں ہوئی تھی کہ وہ کشمیر پر قبضہ کرے لیکن نااہل حکومت نے کشمیر کے موقف کو عالمی سطح پر سرد خانے کی نذر کر دیا، اب جموں کشمیر کا الیکشن مہاجرین کے لیے بہتر مستقبل کا موقع ہے کہ وہ پاکستان کی حقیقی جماعت مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے، بے روزگاری، آٹا بحران، بجلی بحران،، چینی بحران،میڈیسن چوروں پٹرول چوروں اور قبضہ مافیا نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں جن کی سرپرستی عمران نیازی اور انکے فرنٹ مین مشیر و وزیر کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنایا۔کارنر میٹنگ سے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز، ایم پی اے بلال اکبر اورمسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار محمد صدیق بھٹی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
احسن اقبال