مقبوضہ کشمیر میں عید اجتماعات پر پابندی، پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آگیا
اسلام آباڈ(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے بھارتی حکام کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے اجتماعات اور جانوروں کی قربانی پر پابندیوں کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان بھارتی حکام کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات اور جانوروں کی قربانی پر پابندیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسلامی تاریخ کے اہم ترین دن کے موقع پر نماز عید اور مذہبی اجتماعات پر پابندیوں سے بھارتی حکومت کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے جذبات کی توہین اور تعصب کی عکاسی ہے، یہ مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہئے کہ ایسے اقدامات کشمیریوں کی خواہش اور غیر قانونی بھارتی قبضہ سے آزادی کے جذبات کو نہیں دبا سکتے۔ پاکستان کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔