رمضان المبارک کا پہلا جمعہ ،دو لاکھ فلسطینیوں نے قبلہ اول میں نماز ادا کی

رمضان المبارک کا پہلا جمعہ ،دو لاکھ فلسطینیوں نے قبلہ اول میں نماز ادا کی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)فلسطین میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو مسجد اقصی میں دو لاکھ فلسطینیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ فلسطینی شہری مغربی کنارے، غزہ کی پٹی، جنوبی و شمالی فلسطینی شہروں اور بیت المقدس سے اسرائیل کی کھڑی کردہ تمام رکاوٹیں توڑ کرقبلہ اول پہنچنے میں کامیاب رہے۔ڈائریکٹر فلسطینی محکمہ اوقاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کے موقع پر فلسطینی شہریوں کی مسجد اقصیٰ میں موجود تعداد دو لاکھ سے زیادہ تھی۔ مسجد کے تمام مرکزی ہال اور گیلریاں نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں جس کے بعد سینکڑوں افراد نے مسجد سے باہر ملحقہ پارکوں اور سڑکوں پر چٹائیاں بچھا کرنماز میں شرکت کی۔نماز جمعہ کیلئے گزشتہ روز صبح ہی سے بیت المقدس، غرب اردن اور غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ غزہ کی پٹی سے کم سے کم 500افراد نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے قبلہ اول پہنچنے میں کامیاب رہے۔نماز جمعہ سے قبل اسرائیلی فوج نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے قرب وجوار میں بڑے پیمانے پر فوج اور سیکیورٹی فورسز کے دستے تعینات کررکھے تھے۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس کا ایک چھوٹا طیارہ بھی فضاء میں محو پرواز رہا۔ دوسری جانب مسجد اقصیٰ کی سیکیورٹی کا انتظام فلسطینی مسجد کمیٹی کی جانب سے بھی کیا گیا۔ سدنہ اور قبلہ اول کے محافظوں کے چاک وچوبند دستے بھی موجود تھے۔

مزید :

عالمی منظر -