حضرت فاطمہؓ کی حیات مبارکہ خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے،نبیرہ عندلیب

حضرت فاطمہؓ کی حیات مبارکہ خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے،نبیرہ عندلیب

لاہور(پ ر) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی وناظمہ جامعہ سراجیہ نعیمیہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہا ہے کہ حضرت سیدہ فاطمہؓ کی حیات مبارکہ مسلم خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے۔خواتین حضرت فاطمۃالزہر اکی تعلیمات اپنا کردنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتی ہیں سید ہ فاطمہؓ رفتاروگفتار اورخصائل میں نبی رحمتؐ کی حیات مبارکہ کی کامل پیروی کرتی تھیں ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سیدہ خاتون جنتؓ کے یوم وصال کے موقع پر جاری اپنے ا یک بیان میں کیا۔

۔انہوں نے مزید کہاکہ سیدہ خاتون جنتؓ نے اپنے اخلاق اورکردارسے اپناگھر جنت بنادیاآپؓ ظاہری نمودونمائش کی سخت خلاف تھیں۔آپ اپنے والد گرامی کے اْسوۂ حسنہ کی مکمل تصویر تھیں عفت‘ پاکیزگی‘ پاکدامنی‘ شرم و حیا‘ صبرو رضا‘ قناعت و سخاوت‘ تحمل و بردباری ‘ اطاعت و فرمانبرداری جیسی اعلیٰ صفات آپ کا زیور تھیں۔نبی کریم رؤف ورحیم کو اپنے اہل میں حضرت سیّدہ فاطمۃ الزہرا سب سے پیاری تھیں جب سفر پر تشریف لے جایا کرتے تھے تو آخر میں حضرت سیّدہ فاطمۃ الزہراسے مل کر جاتے تھے۔ جب واپس تشریف لاتے تو سب سے پہلے حضرت سیّدہ فاطمۃ الزہراسے ملتے خاتون جنت سیدہ فاطمہؓ کی حیات مسلم خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے۔خواتین اپنے گھر کاکا م خاتون جنت کی سیرت کوآئیڈیل بناتے ہوئے سنت اورعبادت سمجھ کرکریں۔مسلم خواتین اپنے مسائل کے حل اورحقوق کے حصول کیلئے سیدہ فاطمہؓکی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں۔آپؓ نبی کریم ؐسے حددرجہ محبت فرماتی تھیں نبی کریم ؐکی جدائی کاسب سے زیادہ صدمہ سیدہ فاطمہؓ کوہوااورآپؐ کے وصال کے بعد ہروقت غمگین اورافسردہ رہنے لگیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4