نااہل حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں ناکام ہو گئی،اعجاز چودھری

نااہل حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں ناکام ہو گئی،اعجاز چودھری

لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین کے پولیٹیکل ایڈوائزرز اعجازاحمدچوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ موجودہ نااہل حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے ، سحری اور افطاری کے موقع پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ میں کمی کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ، حکمران آخر عوام کو کب تک جھوٹے وعدے اور جھوٹی تسلیوں پر ٹرخاتے رہیں گے، ملک میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے ، حکمران ٹولہ صرف مصنوعی بازاروں کا فوٹو سیشن کروانے میں مصروف ہے ، خواجہ آصف اور عابد شیر علی نے قوم سے وعدہ کیا کہ سحر ، افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ بالکل نہیں کی جائے گی، لیکن وزراء رمضان المبارک میں بھی جھوٹ بولنے سے باز نہ آئے، انہوں نے کہاکہ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعویدار اور مینار پاکستان پر پکھیاں جھلنے والے شہبازشریف خاموش تماشائی بننے کی بجائے قوم پر ہونے والے ظلم کا حساب دیں، ان کے سیاہ دور حکومت میں غریب عوام پر ظلم کے تمام پہاڑ توڑ دیئے گئے ، شریف برادران کا دوہرا معیار عوام کے سامنے کھل کر آگیا ہے ، انہوں نے کہاکہ حکومت قیمتیں کنٹرو ل کرنے میں بالکل ناکام رہی، لوڈشیڈنگ (ن) لیگ کے دور میں انتہاء تک پہنچ چکی ہے ، مہنگائی اور کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہو چکے ہیں،دھاندلی کے ذریعے بھاری اکثریت حاصل کرنے والی (ن) لیگ اقتدار انجائے کررہی ہے ، مگر عوام کے مسائل جہاں تھے آج بھی وہی ہیں، (ن) لیگ کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عوام کی چیخیں نکل چکی ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1