ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ،گرمی کی شدت میں کمی
اسلام آباد/ ہنگو/میانوالی/کراچی /لاہور/ مظفرآباد(آئی این پی،وقائع نگار) اسلام آباداور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں پری مون سون بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ، تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوارہونے سے گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ روزے داروں نے سکھ کا سانس لیا،کراچی میں 10 سال کا گرم ترین دن تھا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچاجس کے باعث روزے کی حالت میں گرمی کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے،محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات تک پری مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کردی جبکہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت مزید 2 روز تک برقرار رہے گی۔ہفتہ کی شام راولپنڈی اور اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شام کے وقت اچانک بادل چھا گئے جس کے بعد تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم سہانا ہو گیا۔موسم خوشگوارہونے سے گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ روزے داروں نے سکھ کا سانس لیا۔میانوالی ،پھالیہ ،گجرات،جہلم ،منڈی بہاؤالدین ،سرگودھا،بھمبر ،مظفرآباد،،ہزارہ ڈوژن اور ہنگومیں بھی موسلادار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیاجس سے روز ے داروں اور عوام نے سکھ کا سانس لیا۔کراچی میں ہفتہ کا دن10 سال کا گرم ترین دن تھا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچاجس کے باعث روزے کی حالت میں گرمی کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے،شام کے وقت گلستان جوہر ،شارع فیصل سمیت بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر مزید دو روز تک جاری رہے گی جس کے کراچی کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک آجائے گا۔محکمہ موسمیات نے رمضان کے پہلے عشرے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 بارشوں کی پیشنگوئی۔ ہفتے سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویڑن میں کہیں کہیں تیز/گرد آلودہواؤں اور گرج چمک کیساتھ 3 سے 4 بارشوں کا امکان۔ ہزارہ ڈویڑن اور کشمیر میں ہفتے سے جمعرات کے دوران اکثر مقامات پر 3 سے 4 بارشوں کا امکان ہے ۔ اتوار سے بدھ کے دوران پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ڈویڑن میں چند مقامات پر تیز/گرد آلودہواؤں اور گرج چمک کیساتھ 2 سے 3 بارشوں کا امکان۔پیر سے جمعرات کے دوران ڈی آئی خان، ژوب، سبی، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویڑن میں چند مقامات پرتیز/گرد آلودہواؤں اور گرج چمک کیساتھ 1 سے 2 بارشوں کا امکان۔ ہفتے سے منگل کے دوران میرپورخاص ڈویڑن میں چند مقامات پرتیز/گرد آلودہواؤں اور گرج چمک کیساتھ 1 سے 2 بارشوں کا امکان۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران: ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویڑن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مردان، سرگودھا، فیصل آباد، میرپور خاص ڈویڑن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیز/گرد آلودہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔تاہم مالاکنڈ، پشاور، بنوں، کوہاٹ، گوجرانوالہ ڈویڑن اور چھور میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش چراٹ میں 08 ملی میٹر جبکہ چھور میں 03، دیر، دالبندین، سیدو شریف 02، بنوں 01 ملی میٹر ریکار کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ سبی میں 48 اور لاڑکانہ میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر میں 45، رحیم یار خان میں 44 جب کہ ملتان میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث کراچی میں بھی درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم کراچی میں گرمی زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی ۔کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں اور جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت مزید 2 روز تک برقرار رہے گی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ بارش کا بھی کوئی امکان نظر نہیں آتا تاہم رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں پنجاب، ہزارہ ڈویژن، زیریں سندھ اور کشمیرمیں بارش متوقع ہے، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بھی بارشوں کا امکان ہے۔