رمضان پیکج کے ثمرات ہر قیمت پر عام آدمی تک پہنچائیں گے ،شہباز شریف

رمضان پیکج کے ثمرات ہر قیمت پر عام آدمی تک پہنچائیں گے ،شہباز شریف

 لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران عوام کواشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں لگائے گئے رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے ضروریہ، آٹا،دالیں ،پھل اورسبزیاں سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبے بھر میں سستے رمضان بازار لگائے گئے ہیں جن کا مقصدعام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔ رمضان پیکیج کے ثمرات ہر قیمت پر عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پنجاب کی سیاسی و انتظامی مشینری کو متحرک کیا گیا ہے جس کے باعث رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء وافر مقدار میں سستے داموں عوام کو دستیاب ہیں اورعوام کی بڑی تعداد نے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی سستے داموں دستیابی کو سراہا ہے جس پر میں صوبائی مانیٹرنگ کمیٹی اور تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی کیلئے صوبائی وزراء،مشیران،معاونین خصوصی،سیکرٹریز اور متعلقہ حکام رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے جاری رکھیں اوراس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پنجاب حکومت کے رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے خوردونوش سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں اور رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اوررمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے کیونکہ رمضان بازاروں میں اشرافیہ نہیں بلکہ عام آدمی، مڈل کلاس اورلوئرمڈل کلاس کے لوگ خریداری کیلئے آتے ہیں،لہٰذا ہمیں ان کامفاد مقدم رکھنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طورپر رمضان بازاروں میں کیے جانے والے انتظامات کی نگرانی کررہا ہوں اورکسی کو بھی عوام کے مفاد سے نہیں کھیلنے دوں گااورکسی کوبھی ناجائز منافع خوری کے ذریعے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسی جذبے سے عوام کی خدمت کرنا ہے اورانہیں سہولتیں دینا ہیں۔ خدمت خلق ایک عبادت سے کم نہیں اور اس کے ذریعے دین اوردنیا دونوں کماسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی ہونی چاہیے اورکہیں سے بھی کسی چیز کی قلت کی شکایت نہیں آنی چاہیے۔ رمضان بازاروں میں خریداروں کی سہولت کیلئے سٹال پر ہر چیز کی قیمت علیحدہ علیحدہ نمایاں طو رپر آویزاں ہونی چاہیے اوراشیاء کی قیمتوں کو نمایاں طور پر آویزاں نہ کرنیوالوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کیلئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں برس رمضان المبارک کے دوران رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے گزشتہ برس سے بڑھ کر انتظامات کئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں خریداری کیلئے آئے افراد کی سہولت کیلئے پارکنگ کامناسب انتظام ہونا چاہیے ۔ خریداری کیلئے آئے افراد کیلئے پنکھے اور کولر بھی لگائے جائیں تاکہ روزہ داروں کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، بلال یاسین، محمد شفیق،فرخ جاوید، معاون خصوصی ارشد جٹ، چیف سیکرٹری، اراکین صوبائی اسمبلی، متعلقہ سیکرٹریز اور انتظامی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی ۔

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جرمنی کے سفیر ڈاکٹرسائرل نن کی سربراہی میں توانائی کی معروف بین الاقوامی کمپنی سیمنس کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے خصوصاً پنجاب میں گیس پاورپلانٹس کے منصوبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جرمنی کے سفیر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ جرمنی پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے۔حالیہ برسوں میں پاکستان او رجرمنی کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں ملکوں کے مابین دوستی کے روابط مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں ۔پاکستان میں توانائی بحران کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت ملک کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کر رہی ہے اوروزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 33 ارب ڈالر کی خطیر رقم توانائی منصوبوں کیلئے ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت توانائی کے منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کے سولر منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے علاقے بہاولپور میں پاکستان کا سب سے بڑا اور پہلا قائداعظم سولر پارک ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے اور اس سولر پارک میں پنجاب حکومت کے لگائے گئے 100 میگاواٹ کے سولر منصوبے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو چکاہے جبکہ چین کے تعاون سے 900میگا واٹ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔گیس سے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایاکہ پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔پنجاب حکومت اپنے وسائل سے گیس سے 1200 میگاواٹ جبکہ وفاقی حکومت 2400 میگاواٹ کے منصوبے لگائے گی او راس ضمن میں تمام ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جرمنی کو سولر کے ساتھ گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے میں خاص مہارت حاصل ہے اور اس ضمن میں جرمن ٹیکنالوجی اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی کے منصوبے 2017 ء تک پیداوار شروع کر دیں گے۔توانائی کے تمام منصوبوں کو انتہائی شفاف طریقے سے برق رفتاری سے مکمل کر رہے ہیں اور 2017کے اختتام تک توانائی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔جرمن وفد کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف اور ان کی پوری ٹیم انتہائی لگن اور عزم سے کام کر رہی ہے۔ توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ جرمنی کے سفیر کے ساتھ ملاقات کرنے والے وفد میں بین الاقوامی توانائی کمپنی کیگیس ٹربائن کی بین الاقوامی فروخت کے صدر اچیم کیورٹ (Mr. Achim Kawert)، پاکستان کے سربراہ گنٹر زوائکل (Mr. Guenter Zwickl) اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ صوبائی وزیر معدنیات شیرعلی خان ، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی چوہدری عارف سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹریز توانائی ،زراعت ، معدنیات او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : صفحہ اول