فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے روزانہ40ہزار افراد کی سحری و افطاری

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے روزانہ40ہزار افراد کی سحری و افطاری

لاہور(نمائندہ خصوصی )جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزانہ چالیس ہزار سے زائد افراد کے لئے سحر و افطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سینکڑوں ا فطار دستر خوانوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے یہ ا فطار دستر خوان دینی مدارس کے طلباء، غرباء،جیلوں کے قیدیوں ، یتامیٰ کے علاوہ چوک چوراہوں ، بس سٹاپس اور دیگر پبلک مقامات پر لگائے جا رہے ہیں ۔ لاہور میں دس سے زائد مقامات پر افطار دستر خوان قائم کئے گئے ہیں جن میں مرکز القادسیہ چوبرجی ،مون مارکیٹ گلشن راوی ،سی بلاک ماڈل ٹاؤن ،واپڈا ٹاؤن گول چکر ،ڈیفنس موڑ، والٹن سٹاپ شامل ہیں ان کے علاوہ جناح ہسپتال ،میو ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں بھی مریضوں کے لواحقین کے لئے افطاری کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضاکار اس خدمت کے لئے مصروف عمل ہیں ۔ایف آئی ایف کے دستر خوانوں پر لوگوں کو باعزت طریقے سے بیٹھا کر افطاری کروائی جاتی ہے جبکہ اس دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی افطار دستر خوان لگائے جائیں گے ۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے امسال بلوچستان و تھر پارکر سمیت بیوگان ،غربا اور مستحقین کے پچاس ہزار خاندانوں میں خشک راشن کی تقسیم کاہدف مقرر کیا ہے تاکہ یہ لوگ اپنے گھروں میں احسن طریقے سے سحروافطار کر سکیں ۔اس مقصد کے لئے ہزاروں خاندانوں میں ’’رمضان پیکیج ‘‘ کے تحت خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1