سربیا نے برازیل کو ہرا کر انڈر 20 فٹبال ورلڈ کپ جیت لیا

سربیا نے برازیل کو ہرا کر انڈر 20 فٹبال ورلڈ کپ جیت لیا

آکلینڈ ( نیٹ نیوز) سربیا نے پہلی بار فیفا انڈر 20 مینز ورلڈ کپ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں پانچ بار کی چیمپئن برازیلین ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ نیمن جا نے کھیل کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ ہفتہ کو فیفا انڈر 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے فائنل میں برازیل اور سربیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے سربیا کا ساتھ دیا اور اس نے پانچ بار کی چیمپئن برازیلین ٹیم کو 2-1 گول سے شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، دوسرے ہاف کے 70 ویں منٹ میں سربیا کے سٹانیسا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن تین منٹ بعد ہی برازیل کے اینڈریاس نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برابر رہا، اضافی وقت کے 118 ویں منٹ میں سربیا کے نیمن جا نے گول کر کے ٹیم کو 2-1 گول کی برتری دلا دی جو میچ ختم ہونے تک برقرار رہی۔ مالی کے ایڈاما ٹورنامنٹ کے بہترین پلیئر اور سربیا کے پریڈراگ بہترین گول کیپر قرار پائے۔ فیئر پلے ایوارڈ یوکرین کے نام رہاسربین کھلاڑیوں نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محنت کی جیت کی بہت خوشی ہے مستقبل میں بھی اسی طرح عمدہ کھیل پیش کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی