رام اللہ میں یہودیوں پرحملہ دلیرانہ اور قابل تحسین کارروائی ہے، حماس

رام اللہ میں یہودیوں پرحملہ دلیرانہ اور قابل تحسین کارروائی ہے، حماس

دوحہ (این این آئی) حماس نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں دولیف یہودی کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک یہودی آباد کار کی ہلاکت اور دو کے زخمی ہونے کو دلیرانہ اور قابل تحسین کارروائی قراردیا ہے۔ حماس کے ترجمان حسام بدران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رام اللہ میں کارروائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ فلسطینی تحریک مزاحمت کے پاکبازوں کی کارروائی ہے جس میں صہیونی غاصبوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ میں کارروائی نہایت قریب سے کی گئی۔ صہیونی فوج اور اس کیساتھ فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے والوں کو اسی انجام سے دوچار کیا جائیگا۔ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں گی۔ حماس کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر صہیونی پولیس کے تشدد اور فلسطینی اسیران پر مظالم کے سنگین نتائج پر صہیونی دشمن کو خبردار کیا گیا تھا۔ حماس کا کہنا ہے کہ سلب شدہ حقوق کے حصول کیلئے مسلح مزاحمت ہمارا فطری حق ہے اور فلسطینی عوام کسی سیاسی تفریق کے بغیر مزاحمتی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

مزید : عالمی منظر