کرشماتی دوا تیار جو ایڈز، ایبولا، سارس اور مرس وائرس کا علاج کر سکتی ہے

کرشماتی دوا تیار جو ایڈز، ایبولا، سارس اور مرس وائرس کا علاج کر سکتی ہے

پیانگ یانگ (نیوز ڈیسک) شمالی کوریا کی طرف سے دفاعی میدان میں عجیب و غریب دعوے تو اکثر سامنے آتے رہتے ہیں لیکن پہلی دفعہ یہ دعوٰی بھی سامنے آ گیا ہے کہ اس ملک کے سائنسدانوں نے ایک ایسی کرشماتی دوا تیار کر لی ہے جو ایڈز، ایبولا، سارس اور مرس وائرس کا علاج کر سکتی ہے۔جادوئی دوا کی تیاری کا دعوٰی تو کیا گیا ہے لیکن اس کی افادیت کے بارے میں کوئی شواہد پیش نہیں کئے گئے جس کے باعث یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ ایک دفعہ پھر ایک بے بنیاد دعوٰی کر دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز دوا کی تیاری کا دعوٰی شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کی طرف سے کیا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ دوا کورین پوگانگ فارماسوٹک کپمنی نے تیار کی ہے۔ کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جون سنگ ہون کا کہنا ہے کہ دوا کی تیاری جنسنگ کے پودوں کو رئیر ارتھ ایلیمنٹس کی کھاد فراہم کر کے ممکن بنائی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق جنسنگ کے پودوں سے مرکبات حاصل کر کے انہیں ایک انجکشن کی صورت میں تیار کیا گیا ہے۔ دوا ساز کمپنی کے ڈائریکٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا تیار کردہ کومڈانگ 2 انجکشن انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنا کر سارس اور مرس جیسے وائرسوں کے علاوہ ایڈز کے وائرس کو بھی ختم کرتا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئی دوا روسی دارلحکومت ماسکو کے ایک ڈسٹری بیوٹر کے زریعے باہر کی دنیا کے لئے بھی دستیاب ہے۔

مزید : علاقائی