جہاز کے ساتھ لٹک کر سفر کرنے کا بھیانک انجام،ایک ہلاک دوسرا زخمی

جہاز کے ساتھ لٹک کر سفر کرنے کا بھیانک انجام،ایک ہلاک دوسرا زخمی

لندن (نیوز ڈیسک) غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ آئے روز پیش آنے والے خوفناک حادثات کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں لیکن اس کے باوجود لوگ عبرت نہیں پکڑتے اور مزید دردناک واقعات پیش آ جاتے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے لندن جانے کے خواب دیکھنے والے دو افراد اور ان کے ساتھ پیش آنے والا بھیانک واقعہ اس سلسلے کی تازہ ترین مثال ہے۔ برطانوی جریدے ٹائم کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ سے برٹش ائرویز کے جہاز کے پہیوں کے ساتھ لٹکنے والے دو افراد 8000 کلو میٹر کا طویل سفر کرنے میں کامیاب ہو گئے لیکن جب طیارہ مغربی لندن کے اوپر پرواز کر رہا تھا تو ان میں سے ایک بدقسمت ہزاروں فٹ کی بلندی سے ایک عمارت کے اوپر آن گرا، جبکہ دوسرا جہاز کے ساتھ لٹکے رہنے میں کامیاب رہا۔ بی بی سی کے مطابق گرنے والے شخص کی لاش عمارت کی چھت سے مل گئی ہے جبکہ دوسرا شخص، جس کی عمر 24 سال بتائی گئی ہے، انتہائی نازک حالت میں جہاز کے انڈرکیرج حصے میں پایا گیا۔ ہزاروں کلومیٹر کے سفر کے دوران منجمد کر دینے والے درجہ حرارت کا سامنا کرنے کی وجہ سے اس کی حالت ابتر ہو چکی تھی اور اب اسے ہسپتال میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ برٹش ائرویز کے نمائندے کے مطابق جنوبی افریقہ کی پولیس سے رابطہ کر کے دونوں افراد کے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

مزید : علاقائی