موبائل فون کے ساتھ مصروف چینی خاتون گٹر میں جا گری

موبائل فون کے ساتھ مصروف چینی خاتون گٹر میں جا گری
 موبائل فون کے ساتھ مصروف چینی خاتون گٹر میں جا گری

  

بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی صوبے سشوان میں ایک دبلی پتلی خاتون اپنے موبائل فون کی وجہ سے زرا سی بے دھیانی کا شکار کیا ہوئی کہ بیچاری بیچ چوراہے ایک دردناک مصیبت میں پھنس گئی۔ اخبار پیپلز ڈیلی آن لائن کے مطابق دبلی پتلی ٹانگوں والی جواں سال خاتون سڑک کنارے چہل قدمی کر رہی تھی اور اسی دوران اپنا موبائل فون بھی استعمال کر رہی تھی۔ ایک جگہ جب بیچاری کا دھیان موبائل فون کی سکرین پر تھا تو قدم نکاسی آب کے لئے بنائے گئے گٹر کے جنگلے پر پڑ گیا۔ جنگلے کی سلاخوں میں خلاء قدرے زیادہ تھا جس میں سے خاتون کی بائیں ٹانگ گزرتی چلی گئی اور گھٹنے سے اوپر تک گٹر کے اندر چلی گئی۔ خاتون کا گھٹنا جنگلے میں بری طرح پھنس گیا اور تمام تر زور آزمائی کے باوجود اس کے لئے ٹانگ کو آزاد کو کروانا ممکن نہ ہو سکا۔ آس پاس موجود لوگوں نے خاتون کی مدد کی کوشش کی لیکن جب کامیابی نہ ہوئی تو مجبوراً فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایمرجنسی اہلکاروں کو بلا لیا جنہوں نے طاقتور آلات کی مدد سے گٹر کی سلاخوں کو کاٹ کر خاتون کو آزاد کروایا۔ ایمرجنسی اہلکاروں نے میڈیا کو بتایا کہ جنگلوں کے درمیان صرف 10 سینٹی میٹر کا خلاء تھا اور اس میں خاتون کی ٹانگ کا پھنس جانا عجیب بات تھی۔ خوش قسمتی سے خاتون گہری یا خطرناک چوٹ سے محفوظ رہی۔

مزید : علاقائی